نئی دہلی،13اگست؍(آئی این ایس انڈیا)استاد امجد علی خان کی ویزا درخواست مسترد ہونے کے ایک دن بعد برطانوی ہائی کمیشن نے آج کہا کہ وہ اس سلسلے میں ان سے بات کرے گا۔برطانوی ہائی کمشنر کے ایک ترجمان نے بین الاقوامی شہرت یافتہ موسیقار کو ویزا دیے جانے سے انکارکئے جانے کے بارے میں کہاکہ ہم ذاتی معاملات پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے لیکن ہم اس کی تصدیق کرتے ہیں کہ ہم ان سے بات کریں گے کہ وہ برطانیہ جو پروگرام کرنا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں کس طرح کے ویزاکیلئے درخواست کی جائے ۔70سالہ آرٹسٹ نے کہاکہ وہ اپنی ویزادرخواست مستردہونے سے ساکت اور پریشان ہیںََ۔انہیں اگلے ماہ رائل فیسٹیول ہال میں اپناپروگرام پیش کرنا ہے۔اپنے ٹویٹس میں وزیر خارجہ سشما سوراج کو ٹیگ کرتے ہوئے خان نے لکھا تھاکہ میرا برطانوی ویزامستردکردیا گیا۔ان فنکاروں کیلئے بہت اداس ہوں جو محبت اور امن کا پیغام پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے لندن، وزارت خارجہ اور برطانیہ میں بھارتی ہائی کمیشن کو بھی ٹیگ کیا۔انہوں نے کہاکہ ستر کی دہائی کے آغاز سے برطانیہ میں ہر سال پروگرام پیش کرتارہاہوں۔ویزا کو مسترد کئے جانے سے بے حد پریشان ہوں۔